صیہونی حکومت کے دہشتگرد فوجیوں نے آج پھر غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری اور فائرنگ کر کے مزید دسیوں فلسطینیوں کو شہید و زخمی کر دیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی امریکی نام نہاد امدادی مراکز بدستور اہل غزہ کی قتلگاہ بنے ہوئے ہیں۔گزشتہ گھنٹوں کے دوران بھی درجنوں فلسطینی اس وقت شہید و زخمی ہوئے جب وہ صیہونی ٹولے کے قائم کردہ نام نہاد امدادی مراکز سے کچھ امداد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
غزہ کے باشندے، پٹی کے جنوبی علاقے رفح میں نتساریم گزرگاہ پر بنائے گئے نام نہاد امدادی مرکز پر اکٹھا تھے کہ صیہونی دہشتگردوں نے اُن پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
بار بار دھرائے جانے والے اس نوعیت کے دہشتگردانہ حملے سے نہتے فلسطینیوں کو قتل کرنے میں صیہونی دہشتگردوں کی بے پناہ دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔
مرکزی غزہ کی صلاح الدین شاہراہ پر بھی صیہونی دہشتگردوں نے اپنے توپخانے سے گولہ باری اور فائرنگ کر کے کم از کم دس فلسطینی شہریوں کو شہید اور ایک سو بیس کو زخمی کر دیا۔ شمالی غزہ کے جبالیا البلد علاقے میں بھی صیہونی دہشتگردوں نے ایک رہائشی عمارت پر بمباری کر کے متعدد کو شہید و زخمی کر دیا۔
شہید ہونے والوں میں دو کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ لازمی وسائل نہ ہونے کے سبب ابھی تک ملبے تلے دبے ہوئے لوگوں کو باہر نہیں نکالا جا سکا ہے۔