ایران اپنی پرامن جوہری صلاحیت اور ایٹمی حق سے دستبردار نہیں ہوگا:ادارہ ایٹمی توانائی کے سربراہ کا انٹرویو
ایران کی ایٹمی توانائی کے سربراہ نے امریکی اور صہیونی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملوں میں متاثرہ جوہری تنصیبات کی تعمیر نو کی جائے گی۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے ادارہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ امریکہ کے حالیہ حملے میں متاثر ہونے والی جوہری تنصیبات کو عالمی دباؤ اور اسرائیلی دھمکیوں کے باوجود دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اپنی پرامن جوہری صلاحیت اور ایٹمی حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ محمد اسلامی نے کہا کہ اعلی سطحی افزودگی کا مطلب لازما ہتھیار نہیں ہوتا۔ ہمیں حساس آلات اور ری ایکٹرز کی حفاظت کے لیے ایسے مواد کی ضرورت ہے، جو ہمیں کوئی فروخت نہیں کرتا۔
دوسری جانب ایران اور روس نے ایران میں چھوٹے ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے پر ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی اور روس کی کمپنی روس ایٹم کے ڈائریکٹر جنرل لیخاچف نے دستخط کیے۔