اسلامی انقلاب اور عدالت کا نظریہ
حضرت امام خمینی کے انصاف کے بارے میں دقیق نظریات نے اسلامی انقلاب کی تحریک کو تیز کر دیا ۔ امام خمینی نے انقلاب کے مشہور نکات میں انصاف کو بھی شام کیا اور عوام کو انصاف کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا کیونکہ انصاف و عدالت، قرآن مجید اور اصل اسلامی ثقافت کا تقاضہ ہے ۔
دوسرے الفاظ میں انقلاب کی بحثوں میں انصاف و عدالت پر بہت زیادہ گفتگو ہوئی ۔ ایسا انصاف جس میں انسانی زندگی کے سبھی پہلو شامل ہوں ۔ شہید مرتضی مطہری کے الفاظ میں انقلاب کو انصاف کی شکل دی ۔ ایسا انصاف جو اسلام کے سایے میں انقلاب کے عملی ہونے کی لازمی شرط تھا، جس طرح خود مختاری اور آزادی، اسلام کے دائرے میں تھی اور اس کی شناخت کے بغیر نہ تو اسلامی انقلاب کو اور نہ ہی اس کی بحثوں کو سمجھا جا سکتا تھا ۔
ایران کے اسلامی انقلاب کی عالمی سطح پر ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ اس انقلاب نے عالمی نظام میں موجود بے عدالتی، نا انصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کی اور اب بھی بلند کر رہا ہے ۔ یہ نا انصافی اور بے عدالتی بڑی طاقتوں کے مفاد میں اور چھوٹے نیز کمزور ممالک کے نقصان میں ہے ۔
ایران کے اسلامی انقلاب نے عدالت کے بارے میں اپنی بحثوں کو وسعت دے کر عالمی نظام کے ان نظریات پر تائید کرنے کا راستہ ہموار کیا جن میں عالمی سطح پر استحکام کے لئے موجودہ امتیازی ڈھانچے میں تبدیلی کی حمایت کی گئی ہے ۔ ایسی تبدیلی جس میں ایک عالمی نظام کے اندر سبھی حکومتوں کو مساوی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم ہو ۔ امام خمینی کی نظر میں جب تک پوری دنیا میں انصاف قائم نہیں ہوگا، اس وقت تک دنیا میں پائیدار امن کی بات کرنا بے سود ہے ۔