افغانستان کے 14 صوبوں میں فوج کی کارروائی، اکاون طالبان جنگجو ہلاک
Aug ۳۰, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
-
افغان فوج کی کارروائی
افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ فوج نے چودہ صوبوں میں طالبان کے خلاف وسیع کارروائی کا آغاز کر دیا ہے
رپورٹ کے مطابق، افغان وزارت دفاع نے اتوار کے دن ایک بیان میں کہا ہے کہ فوج کی کارروائی کے دوران طالبان کے اکاون جنگجو ہلاک اور چار دیگر زخمی کر دئے گئے۔اس کارروائی میں طالبان کے بائیس جنگجو گرفتار بھی کر لئے گئے.
افغانستان کی وزارت دفاع نے اپنے اس بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے چودہ صوبوں میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران افغان فوجی اہلکار طالبان کی فائرنگ اور سڑک کے کنارے نصب بموں کا نشانہ بنے جس کے نتیجے میں کم از کم چھے افغان فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
طالبان نے اس پرابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب طالبان کے جنگجوؤں نے شمالی صوبے قندوز میں چھے اسکولوں کو بند کر دیا۔ صوبہ قندوز کے محکمہ تعلیم نے اس سلسلے میں کہا کہ طالبان نے گذشتہ دو مہینوں کے دوران دشت ارچی، قلعہ زال اور خان آباد میں لڑکوں اور لڑکیوں کے چھے اسکولوں کو بند کردیا جس کے نتیجے میں سینکڑوں افغان بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہو گئے۔
دوسری جانب افغانستان میں سرگرم داعش دہشت گرد گروہ نے بھی ننگرہار صوبے کے اچین علاقے میں واقع چھے دیگر اسکولوں کو بند کر دیا۔