شام کے مختلف علاقوں میں فوج کی کارروائیاں جاری
Sep ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۹:۰۴ Asia/Tehran
شام کی فوج ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔
شام کی فضائیہ نے منگل کے دن صوبہ ادلب کے فوعا اور صواغیہ شہروں کے اطراف واقع دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں اور جنگی سازوسامان کو نشانہ بنا کر انھیں تباہ کر دیا۔ فوعا اور کفریا کے شیعہ باشندے دہشت گردوں کے اقدامات کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑ کر دمشق کے جنوب میں واقع سیدہ زینب علاقے میں پناہ گزین ہو گئے ہیں۔ان لوگوں نے ایئرپورٹ جانے والی شاہراہ پر دھرنا دیتے ہوئے فوعا اور صواغیہ شہر میں تکفیری دہشت گرد عناصر کے سفاکانہ اقدامات کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
اب بھی اس شہر میں چالیس ہزار شامی باشندے موجود ہیں۔ واضح رہے کہ جیش الفتح نامی دہشت گرد گروہ نے فوعا شہر پر حملہ کر کے اس شہر کے جنوب مشرقی علاقے میں جزوی پیش قدمی کی، تاہم شہر کی مزاحمتی افواج نے انہیں پسپائی پر مجبور کر دیا۔ فوعا شہر ترکی کی سرحدوں سے تیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
دوسری جانب شام کی فوج نے حماہ کے مضافات میں واقع کفرزیتا، اللطامنہ، اور قسطون شہروں اور المنصورہ اور الحویجہ علاقوں میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔