بحرین کی آل خلیفہ حکومت سے الوفاق کا مطالبہ
Sep ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
-
بحرین کی ایک خوفناک جیل (فائل فوٹو)
بحرین کی جمعیت الوفاق الاسلامی نے ملک میں اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے کھولے جانےکے موقع پر، بحرین کی جیلوں میں بند سیکڑوں طلباء کو آزاد کرنے کا مطالبہ کیا ہے
بحرین کی جمعیت الوفاق الاسلامی کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس جماعت نے جمعے کے روز ایک بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ بحرین کی جیلوں میں قید تین سو طلباء کو آزاد کیا جائے تاکہ وہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں دوبارہ جا سکیں- ان طلباء کو سیاسی اور سیکورٹی کے الزامات میں قید کیا گیا ہے-بحرین کی جمعیت اسلامی الوفاق نے آل خلیفہ کی شاہی حکومت کی جیلوں میں طلباء کو قید کئے جانے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے جیلوں سے تمام طلباء کو آزاد کر دینا چاہیے- بحرینی شہریوں نے بھی بدھ کی شام کو ملک کے مختلف علاقوں میں نون والقلم کے زیر عنوان مظاہرے کئے تھے۔
مظاہرین نے بحرینی اساتذہ کی یونین کے سربراہ مہدی ابو دیب سمیت آل خلیفہ کی جیلوں میں قید تمام اساتذہ اور طالب علموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا- مظاہرین تمام سیاسی قیدیوں خصوصا نئے تعلیمی سال کے آغاز پر اساتذہ اور طالب علموں کی آزادی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ بحرین کے عوام فروری دو ہزار گیارہ سے ملک میں سیاسی اصلاحات اور آزادی بیان کا مطالبہ کر رہے ہیں اوراپنے پامال شدہ حقوق کی بازیابی اور آل خلیفہ کی امتیازی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
بحرین کی حکومت نے اب تک عوامی مظاہروں کو کچلتے ہوئے سیکڑوں بے گناہ شہریوں منجملہ متعدد رہنماؤں کو قید میں ڈال رکھا ہے اور ان پر شدید تشدد کیا جا رہا ہے-