لیبیا کے ساحل پر دسیوں تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچالیا گیا
Sep ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
لیبیا کے کوسٹ گارڈز نے، اس ملک کے ساحل پر دسیوں تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچالیا-
مصرکی الشرق الاوسط نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کی بحریہ کے ترجمان قاسم ایوب نے منگل کے روز کہا کہ اس ملک کے کوسٹ گارڈز، لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے مغرب میں واقع "القرہ بولی" علاقے میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی خراب ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد ان افراد کی جان بچانے کے لئے اس علاقے کو روانہ ہوگئے-قاسم ایوب نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی حامل کشتی القرہ بولی علاقے سے دس میل کے فاصلے پر ٹھہری ہوئی تھی اور لیبیا کے کوسٹ گارڈز نے ریسکیو کاروائی انجام دے کر افریقہ کے مختلف ملکوں کے ایک سو اکیس غیر قانونی تارکین وطن، منجملہ دس خواتین اورایک بچے کو ڈوبنے سے بچا لیا-
لیبیا کی بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ ان تارکین وطن کو طرابلس کے بحری فوجی اڈے میں منتقل کردیا گیا ہے اور قانونی مراحل پورے کئے جانے کے بعد ان افراد کو متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا جائےگا-
یورپی ملکوں کو جانے والے تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد کا مسئلہ ان ملکوں کے لئے ایک مشکل میں تبدیل ہوگیا ہے-