عراق: رمادی میں دہشت گردانہ کار بم دھماکے میں سات افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی
Sep ۱۸, ۲۰۱۵ ۲۰:۳۶ Asia/Tehran
عراق کے شہر رمادی میں ایک کار بم دھماکے میں سات افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہو گئے ہیں۔
فرات نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے شہر رمادی میں جمعے کے دن ایک کار بم دھماکہ ہوا ہے جس میں سات افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہو گئے ہیں۔ عراق کے طبی ذرائع نے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے اس دہشت گردانہ کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔عراق کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق کے فوجیوں اور عوامی رضاکا فورس کے اہلکاروں کے ساتھ لڑائی میں شکست کے بعد دہشت گردوں نے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے مقصد سے شہری علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں کو اپنے ایجنڈے میں شامل کر لیا ہے۔
جمعرات کے دن عراق کے دارالحکومت بغداد میں دہشت گردانہ بم دھماکے ہوئے تھے جن میں اسّی سے زیادہ افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔ یورپ اور امریکہ کے علاقائی اتحادی ممالک منجملہ ترکی اور سعودی عرب کی حمایت سے وجود میں آنے والے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر گزشتہ برس موسم گرما میں عراق میں داخل ہوئے تھے اور اس کے بعد انہوں نے عراق میں وحشیانہ مظالم کئے۔