افغان فورسز کی جانب سے قندوز میں کارروائی جاری رکھنے کا اعلان
Oct ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۳:۴۸ Asia/Tehran
افغانستان کے صوبہ قندوز میں سرکاری فورسز اور طالبان کے درمیان اکا دکا جھڑپوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
صوبہ قندوز کے گورنر حمداللہ دانشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرکاری فورسز نے مسلسل کارروائی کرکے صوبے کے مرکز کو طالبان کے وجود سے مکمل طور پر پاک کردیا ہے تاہم بعض مقامات پر اکا دکا جھڑپیں اب بھی جاری ہیں۔حمد اللہ دانشی کا کہنا ہے کہ طالبان نے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر سیکورٹی اہلکاروں اور چیک پوسٹوں پر فائرنگ کرکے فرار ہوجانے کی روش اختیار کررکھی ہے۔
گزشتہ پیر کے روز طالبان نے قندوز شہر پر قبضہ کرکے لوگوں پر اپنی دھاک بٹھانے کے لیے عام شہریوں کا قتل عام کرنے کے ساتھ ہی سرکاری عمارتوں کو آگ لگادی اور لوگوں کی نجی املاک کو نقصان پہنچایا تاہم تین دن سے زیادہ اس شہر پر اپنا کنٹرول برقرار نہیں رکھ سکے۔