ملت فلسطین کی حمایت میں بحرین کے سیاسی گروہوں کا اعلامیہ
بحرین کے مختلف سیاسی گروہوں اور تنظیموں نے صیہونی حکومت کے ساتھ عرب ممالک کے سرکاری اداروں کے رابطے ختم کئے جانے پر تاکید کی ہے۔
منامہ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی الوفاق، وعد، نیشنل ایسو سی ایشن ، ترقی پسند ٹریبیون اور جمعیت اخوت سمیت مختلف جماعتوں نے سنیچر کو ایک بیان جاری کر کے فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے حالیہ جرائم کی مذمت کی ہے-
بحرین کے سیاسی گروہوں اور تنظیموں نے صیہونی جرائم پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عرب ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے ساتھ ہرطرح کے سفارتی ، تجارتی، اور ثقافتی تعلقات ختم کر لیں ۔
بحرین کی آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت کے مخالف سیاسی گروہوں نے اس اعلامیے میں فلسطین کی آزادی اور ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی جدوجہد میں کہ جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، ملت فلسطین کی سیاسی اور مالی حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔
بحرین کے حکومت مخالف گروہوں نے صیہونی حکومت کو فلسطینیوں کے قتل عام کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا ہے کہ مغربی ممالک بالخصوص امریکہ کی جانب سے صیہونی حکومت کو ملنے والی مدد اور اسرائیل کے حق میں ویٹو کے وعدے، فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جرائم جاری رہنے کے عوامل ہیں-
بحرینی سیاسی گروہوں کے اس اعلامیے میں ملت فلسطین کے خلاف اسرائیلی حکومت کے جرائم پر خاموشی اختیار کرنے کی وجہ سے عالمی برادری بالخصوص عرب ممالک اورعالمی اداروں کو ہدف تنقید بنایا گیا ہے-
قابل ذکر ہے کہ غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقے گذشتہ ایک ہفتے سے صیہونی فوجیوں کی یلغار کا نشانہ بنے ہوئے ہیں - ان علاقوں میں آباد فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں کے حملوں میں اب تک کئی فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں-