شام، حلب کے بجلی گھر پر امریکی اتحاد کی بمباری
شام میں امریکی اتحاد کے لڑاکا طیارے داعش دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کے بجائے اس ملک کی بنیادی تنصیبات پر حملے کر رہے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق داعش کے خلاف تشکیل پانے والے نام نہاد اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے حلب کے بجلی گھر کو تباہ کر دیا۔
شام کے ایک فوجی ذریعے کا کہنا ہے کہ امریکی اتحاد کی اس جارحانہ کارروائی کے نتیجے میں حلب کے بیشتر علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی اور تقریبا پورا شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔
شام میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف نام نہاد امریکی اتحاد کے لڑاکا طیارے، شام کی بنیادی نوعیت کی شہری تنصیبات پر بدستور حملے کر رہے ہیں۔ گذشتہ ہفتے بھی امریکہ کے دو ایف سولہ طیاروں نے حلب کے مشرق میں واقع الرضوانیہ علاقے میں دو بجلی گھروں پر بمباری کی تھی۔
واضح رہے کہ عراق اور شام میں گذشتہ ایک سال سے داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر نام نہاد امریکی اتحاد کے جاری حملوں کے نتیجے میں نہ صرف یہ کہ داعش دہشت گرد گروہ، ختم نہیں ہوا بلکہ اس گروہ نے عراق اور شام میں دہشت گردانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئےمزیدعلاقوں پر قبضہ بھی کیا ہے۔