سعودی عرب میں آیت اللہ شیخ باقر نمر کے بھائی کو بھی گرفتار کرلیا گیا
سعودی حکومت نے انسانی حقوق کی پامالی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے معروف عالم دین آیت اللہ شیخ باقر نمر کے بھائی کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی فوجیوں نے آیت اللہ شیخ باقر نمر کے بھائی اور علی النمر کے والد محمد النمر کو گرفتار کرلیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت کی نمائشی عدالت آیت اللہ شیخ باقر نمر اور ان کے بھتیجے علی النمر کو سزائے موت سناچکی ہے۔ محمد النمر کی اہلیہ نے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا ہے کہ محمد النمر کو گرفتار کرکے العوامیہ کے پولیس سینٹر میں رکھا گیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ پولیس نے محمد النمر کی گرفتاری کی وجہ نہیں بتائی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت کی نمائشی عدالت عالیہ نے حال ہی میں معروف انقلابی عالم دین آیت اللہ شیخ باقر نمر کی سزائے موت کی توثیق کرکے دستخط کے لئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے پاس بھیج دیا ہے۔
آیت اللہ شیخ باقر نمر کو سعودی اہلکاروں نے تین سال قبل پہلے گولی مارکے زخمی کیا اور پھر انہیں گرفتار کرلیا تھا۔ سعودی سیکورٹی اہلکاروں نے آیت اللہ شیخ باقر نمر کے بھتیجے علی النمر کو دو ہزار بارہ میں سترہ سال کی عمر میں پر امن مظاہروں میں شرکت کرنے پر گرفتار کرلیا تھا۔ سعودی نمائشی عدالت نے علی النمر کو بھی سزائے موت سنائی ہے۔