الانبار میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ہاتھوں داعش کا محاصرہ
Nov ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
-
شہر الرمادی میں داعش کے اراکین، فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کے مکمل محاصرے میں آگئے ہیں۔
ارنا کے مطابق عراقی فوج کے بغداد ڈیویژن کے ترجمان، یحیی رسول نے بتایا کہ شہر الرمادی سے متصل بہت سے علاقے داعش کے قبضے سے آزاد کرالئے گئے ہیں۔ انھوں نے اسی کے ساتھ بتایا کہ الرمادی میں داعش کے اراکین، فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کے مکمل محاصرے میں آگئے ہیں۔
بغداد ڈیویژن کے ترجمان نے بتایا کہ الرمادی میں عراقی افواج کے محاصرے میں آنے والے تکفیری دہشت گردوں کی تعداد کم سے کم تین سو ہے۔یحیی رسول نے بتایا کہ الرمادی سیکٹر پر عراقی افواج کو پوری طرح بالادستی حاصل ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اگر چہ شہر الرمادی پر داعش کا قبضہ ہے لیکن فوج، عوامی رضاکار فورس اور قبائلی لشکر کے جوان، شہر کے مرکز کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ راستے میں ہر طرف بم اور بارودی سرنگیں بچھی ہوئی ہیں اس وجہ سے شہر الرمادی کے مرکز کی جانب عراقی افواج کی پیش قدمی کی رفتار سست ہے۔ انھوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں ہر سو مربع میٹر کے رقبے میں درجنوں بم اور بارودی سرنگیں موجود ہیں۔
اسی سلسلے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان کریم النوری نے بھی بتایا ہے کہ الانبار میں داعش کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ عوامی رضاکار دستے عراقی فوج کے ساتھ مل کے داعش سے آخری جنگ اور عراق میں ان کا کام تمام کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔