شام میں حزب اللہ کی موجودگی کا مقصد استقامت کے محور کا دفاع
حزب اللہ کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ حزب اللہ استقامت کے محور کے دفاع کے لئے شام میں موجود ہے۔
حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے پریس ٹی وی سے خصوصی گفتگو کے دوران بشار اسد کی حکومت کی حمایت کے لئے شام میں حزب اللہ کے مجاہدین کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام کو اس وقت ایک عالمی جنگ کا سامنا ہے اور اس جنگ کا مقصد استقامت کی حامی شامی حکومت کی جگہ اسرائیل کو دوست رکھنے والی حکومت قائم کرنا ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ شام میں حزب اللہ کی موجودگی لبنان کی سلامتی کے دفاع کے لئے بھی ضروری ہے اور شام میں حزب اللہ کی موجودگی کا واضح نتیجہ ہم نے درہ بقاع اور قلمون وغیرہ کے سرحدی علاقوں سے تکفیری دہشت گردوں کی پسپائی کی صورت میں دیکھا۔ ان علاقوں سے تکفیری دہشت گردوں کی پسپائی کے نتیجے میں لبنان تکفیری آئیڈیالوجی سے محفوظ ہو گیا۔
حزب اللہ کے نائب سربراہ نے مزید کہا کہ جب دنیا کے اسّی ممالک سے دہشت گرد شام بھیجے جا رہے ہیں تو شام کی فوج اور قوم کا اپنی تمام تر طاقت اور وسائل کے ساتھ اس جارحیت کے خلاف ڈٹ جانا ایک فطری بات ہے۔