Dec ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۶:۳۸ Asia/Tehran
  • افغان فوج نے ملک کو تقسیم کرنے کی دشمنوں کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے: افغان صدر اشرف غنی
    افغان فوج نے ملک کو تقسیم کرنے کی دشمنوں کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے: افغان صدر اشرف غنی

افغان صدر نے ملک کو تقسیم کرنے کی دشمنوں کی سازش کی ناکامی پر زور دیا ہے۔

کابل سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے سنیچر کو وزارت داخلہ کی نئی عمارت کی افتتاحیہ تقریب سے خطا ب میں کہا ہے کہ افغانستان کے دشمن اس ملک کو دو حصوں میں تقسیم کرنا چاہتے تھے لیکن افغان افواج نے ان کی اس سازش کو ناکام بنا دیا۔

انھوں نے کہا کہ افغان افواج نے اس سازش کو ناکام بنانے کی مہم میں کافی قربانیاں دی ہیں۔

اشرف غنی نے کہا کہ ہر افغان باشندہ امن چاہتا ہے اور ہم نے نہ جنگ شروع کی ہے اور نہ ہی اس کو جاری رکھا ہے بلکہ یہ جنگ ہمارے عوام پر مسلط کی گئی ہے۔ افغان صدر نے پولیس فورس میں خواتین کی شمولیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پولیس فورس میں بھرتی ہونے کے لئے اپنی لڑکیوں کو بھیجنے کے افغان گھرانوں کے اقدام کو قابل قدر بتایا۔

انھوں نے کہا کہ پولیس میں خواتین کی زیادہ بھرتی سے ملک میں ان کی سلامتی اور ان کے تعلق سے قانون کی حکمرانی میں اضافہ ہو گا۔

افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے علاقائی اور عالمی دہشت گردی کو مشترکہ خطرہ قرار دیا اور کہا کہ اس کو ختم کرنے کے لئے مشترکہ اور طویل جدوجہد کی ضرورت ہے۔

انھوں نے ملک میں امن و امان کے قیام کے تعلق سے افغان پولیس اور سیکورٹی فورس کی توانائی کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اگر علاقے سے دہشت گردی ختم نہ ہوئی تو دنیا میں کسی بھی ملک میں امن و سلامتی باقی نہیں رہ سکتی۔

ٹیگس