افغانستان کی اسلامی اخوت کونسل کے رکن سید جعفر عادلی کی جانب سے نائیجیریا کے شیعہ مسلمانوں کے قتل عام پر یورپی ممالک کی خاموشی کی مذمت
افغانستان کی اسلامی اخوت کونسل کے رکن نے نائیجیریا کے شیعہ مسلمانوں کے قتل عام پر یورپی ممالک کی خاموشی کی مذمت کی ہے۔
افغانستان کی اسلامی اخوت کونسل کے رکن حجۃ الاسلام و المسلمین سید جعفر عادلی نے ہفتے کے دن ہمارے نامہ نگار سے گفتگو کے دوران کہا کہ نائیجیریا میں فوجیوں کے حملوں میں سیکڑوں شیعہ مسلمان شہید ہو گئے۔
یہ المیہ ایک ایسے وقت میں رونما ہوا ہے کہ جب دنیا کے مختلف علاقوں سے انسانی حقوق کے دفاع میں بلند ہوتی ہوئی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
سید جعفر عادلی نے مزید کہا کہ یورپی ذرائع ابلاغ نے پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں بہت شور مچایا لیکن نائیجیریا میں مسلمان ہونے کے جرم میں سیکڑوں شیعوں کے قتل عام پر انہوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
افغانستان کی اسلامی اخوت کونسل کے رکن حجۃ الاسلام و المسلمین سید جعفر عادلی کا مزید کہنا تھا کہ اگر اس طرح کا واقعہ یورپی ممالک میں رونما ہوتا تو تمام بین الاقوامی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس کے خلاف آواز بلند کرتیں لیکن نائیجیریا کے واقعے کے بارے میں انہوں نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔