Dec ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran
  • سانحہ زاریا کے بہت سے شہدا کو اجتماعی قبروں میں دفن کیا گیا: نائیجیریا کی انسانی حقوق کی نیشنل کمیٹی کے سابق سربراہ کا بیان
    سانحہ زاریا کے بہت سے شہدا کو اجتماعی قبروں میں دفن کیا گیا: نائیجیریا کی انسانی حقوق کی نیشنل کمیٹی کے سابق سربراہ کا بیان

نائیجیریا کی انسانی حقوق کی نیشنل کمیٹی کے سابق سربراہ نے کہا ہے کہ سانحہ زاریا کے بہت سے شہدا کو اجتماعی قبروں میں دفن کیا گیا ہے۔

نائیجیریا کی انسانی حقوق کی نیشنل کمیٹی کے سابق سربراہ چیدی ادینکالو نے اعلان کیا ہے کہ نائیجیریا کی فوج نے زاریا سانحے کے شہدا کی صحیح تعداد کو چھپا نے کے لئے بہت سے شہیدوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا ہے۔

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس سانحے میں سیکڑوں افراد یا ایک ہزار سے بھی زیادہ لوگ مارے گئے ہیں، کہا کہ نائیجیریا کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جن مقامات پر ان شہدا کو دفن کیا گیا ہے اور جن کے کہنے پر ایسا کیا گیا ہے ان کی نشاندہی کی جائے اور انھیں سامنے لایا جائے۔

نائیجیریا کی انسانی حقوق کی نیشنل کمیٹی کے سابق سربراہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ صدر محمد بوہاری نے پیرس حملوں کے فورا بعد ان کی مذمت کی تھی اور زاریا کے دہشت گردانہ واقعے پر خاموشی اختیارکی اور اس بارے میں ایک بیان تک نہیں دیا، اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ نائیجیریا میں انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے اور بھی بہت سے سرگرم کارکنوں نے اعلان کیا ہے کہ دس روز قبل زاریا شہرمیں ایک امامبارگاہ اورنائیجیریا کے مذہبی رہنما شیخ ابراہیم الزکزکی کے گھر پر فوج کے حملے میں تقریبا دو ہزار افراد شہید ہو گئے ہیں۔

نائیجیریا کی سینیٹ نے بھی زاریا میں شیعہ مسلمانوں پر فوج کے حملے کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔

ٹیگس