نائیجیریا کی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری، زاریا شہر میں امام بارگاہ کو منہدم کر دیا
نائیجیریا کی فوج نے زاریا شہر میں شیعہ مسلمانوں کی امامبارگاہ کو بلڈوزروں کے ذریعے پوری طرح منہدم کرکے اس کو مٹی کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے۔
نائیجیریا کی اسلامی تحریک نے اپنی ویب سائٹ پر خبر دی ہے کہ نائیجیریا کی فوج نے زاریا شہر میں امامبارگاہ بقیہ اللہ کو منہدم کر دیا ہے۔
دس روز قبل بھی جب فوج نے شیعہ مسلمانوں کا بہیمانہ قتل عام کیا تھا، اس نے اس امامبارگاہ کو کافی نقصان پہنچایا تھا -
دس روز قبل شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کے بعد نائیجیریا کی فوج نے مذہبی رہنما شیخ ابراہیم الزکزکی کو زخمی حالت میں ان کی اہلیہ کے ہمراہ گرفتار کر لیا تھا۔ نائیجیریا کی فوج نے اعلان کیا تھا کہ شیخ الزکزکی فوج کی حراست میں خیریت سے ہیں لیکن دس روز سے زائد کا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی شیخ الزکزکی کو منظرعام پر نہیں لایا گیا۔
البتہ فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ایک فوجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔