Dec ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
  • عراق میں کوئی ایرانی فوجی نہیں : حیدر العبادی
    عراق میں کوئی ایرانی فوجی نہیں : حیدر العبادی

عراقی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ملک میں ایک ایرانی فوجی بھی موجود نہیں ہے-

عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے جمعے کو مصری نیوز ایجنسی الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران ، عراق کا پڑوسی ملک ہے اور ایران کے ساتھ اس کی طویل سرحدیں ہیں اس کے باوجود تہران نے اپنا کوئی بھی فوجی عراق میں تعینات نہیں کیا ہے- اور اس سلسلے میں ترکی کے حکام کا دعوی سفید جھوٹ ہے-

عراق کے وزیراعظم نے ٹرینر فوجیوں کی حفاظت کے بہانے شمالی عراق میں فوج تعینات کرنے کے ترکی کے دعوے کے بارے میں کہا کہ عراق میں داعش دہشت گردوں کی موجودگی سے ترکی کو کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ داعش کا ترکی کی سرحد سے ملحق عراق کے کسی بھی سرحدی علاقے پر قبضہ نہیں ہے-

حیدر العبادی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ عراق میں ترکی کے علاوہ کسی بھی ملک کی فوج نہیں ہے کہا کہ ترکی کے حکام دعوی کر رہے ہیں کہ انھوں نے اپنے ٹرینر فوجیوں کی حفاظت کے لئے موصل میں اپنے فوجی تعینات کئے ہیں جبکہ بغداد نے انقرہ سے ٹرینر فوجی بھیجنے کی درخواست نہیں کی ہے-

عراق کے وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح اکثر دہشت گرد ترکی کے راستے شام میں داخل ہو رہے ہیں اور پھر وہاں سے عراق پہنچ رہے ہیں اسی طرح تیل اور دوسری چوری کی چیزین ترکی کے ذریعے اسمگل کی جا رہی ہیں-

ٹیگس