سعودی عرب شام میں ہتھیاروں کی ترسیل جاری رکھے گا، عادل الجبیر
سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک، شام میں لوگوں کو ہتھیار فراہم کرتا رہے گا۔
لبنان کے نیوز چینل چوبیس کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ شام کے صدر بشار اسد کے بارے میں ان کے ملک کا موقف مکمل واضح ہے اور وہ یہ ہے کہ شام کے مستقبل میں بشار اسد کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہئے۔
سعودی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ان کا ملک، شامی عوام کے لئے سیاسی، فوجی اور اقتصادی امداد جاری رکھے گا۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ ان کا ملک، اب تک شامی پناہ گزینوں کو قبول کرنے سے گریز کر تا رہا ہے اور سعودی عرب کے اس اقدام پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تنقید بھی کی ہے۔ چنانچہ شامی عوام کو ہتھیاروں کی فراہمی کے بارے میں ان کے بیان سے اس بات کی نشاندہی ہو جاتی ہے کہ ریاض کی پالیسی علاقے میں بدامنی کو فروغ دیے جانے پر استوار ہے۔