Jan ۱۰, ۲۰۱۶ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • افغان صدر محمد اشرف غنی
    افغان صدر محمد اشرف غنی

افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ کابل حکومت مضبوط پوزیشن کے ساتھ طالبان سے امن مذاکرات کرے گی۔

شفقنا کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر محمد اشرف غنی نے سینیٹ کے بعض اراکین کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ قیام امن ایک بنیادی اور قومی مسئلہ ہے اور کابل حکومت کمزور پوزیشن کے ساتھ طالبان سے مذاکرات شروع نہیں کرے گی۔ اشرف غنی کا مزید کہنا تھا کہ امن باعزت اور پائیدار ہونا چاہئے اور افغان حکومت کے ساتھ آشتی کرنے والوں کو اس ملک کے آئین کو تسلیم کرنا ہوگا۔ افغان صدر نے مزید کہا کہ دہشت گرد، افغانستان کو میدان جنگ کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور اس خطرے کا دور کیا جانا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ کابل حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور رواں سال کے موسم گرما میں اسلام آباد کے قریب ہوا تھا لیکن پھر طالبان کے سابق سرغنے ملا عمر کی ہلاکت کی خبر کے اچانک اعلان کے بعد یہ مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے۔ طالبان اور افغان حکومت کے امن مذاکرات کا راستہ ہموار کرنے کے لئے پیر کے دن اسلام آباد میں چار فریقی اجلاس بلایا جائے گا جس میں افغانستان، پاکستان، چین اور امریکہ کے نمائندے شرکت کریں گے۔

ٹیگس