شامی صدر کی جانب سے ایران کی قدردانی
شام کے صدر بشار اسد نے ایران کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جاری مشاورتی تعاون کی قدردانی کی ہے۔
دمشق میں ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی کے ساتھ ایک ملاقات میں شام کے صدر بشار اسد نے کہا کہ اگر ایران کی مشاورت نہ ہوتی تو شام کو دہشت گردوں کے مقابلے میں کامیابی حاصل نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں خاص طور سے اسرائیل اور امریکہ، خطے کو تکفیریت، دہشت گردی اور اختلافات کی آگ میں جھونکنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ صدر بشار اسد نے کہا کہ مزاحمتی محاذ، ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے اور خطے کے مسلمان، دہشت گردوں کو ان کے عزائم میں ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
شام کے صدر نے مغربی ملکوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے دعویدار ممالک میں سے کسی نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا بلکہ وہ ہر طرح سے دہشت گردوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔
انہوں نے مغرب کے ناپاک اتحاد کے مقابلے میں شام، ایران، عراق اور روس کے اتحاد کو انتہائی موثر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شام ، ایران، عراق اور روس کے اتحاد کے قیام کے بعد سے شام میں تکفیری دہشت گردوں کی شکست کا آغاز ہوگیا۔
ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے بھی اس ملاقات میں شام کے صدر کو صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور ایرانی عوام کا سلام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ایران، مزاحمتی محاذ کے ساتھ کھڑا ہے اور دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم نظر آئے گا اسلامی جمہوریہ ایران مظلوم کی حمایت میں پیش پیش ہوگا۔
ایران کے وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایران کے عوام، شام اور علاقے کی خبروں میں پوری دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ عالمی استکبار، مسلمانوں کو منتشر کرنے اور ان کے عظیم ذخائر اور سرمائے کو ہتھیانے کی فکر میں ہے۔
ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی، تہران دمشق تعلقات کو مضبوط بنانے کی غرض سے پیر کے روز ایک وفد کے ساتھ شام پہنچے تھے۔
انہوں نے دمشق میں اپنے قیام کے دوران اپنے شامی ہم منصب محمد ابراہیم شعار، وزیراعظم وائل الحلقی، اسپیکر پارلیمنٹ جہاد اللحام اور نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر بریگیڈیئر علی مملوک سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا۔
ایران کے وزیر داخلہ نے دمشق میں واقع، حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نواسی حضرت زینب سلام اللہ علیھا اورحضرت امام حسین علیہ السلام کی دختر گرامی حضرت سکینہ سلام اللہ علیھا کے روضوں پر بھی حاضری دی۔
ایران کے وزیر داخلہ کے دورہ شام کے موقع پر دونوں ملکوں کی وزارت داخلہ کے درمیان سیکورٹی اور انتظامی امور میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادادشتوں پر دستخط بھی کئے گئے۔