شام: دہشت گردوں کے خلاف فوج کی کامیاب کارروائیاں جاری
شام میں دہشت گردوں کے خلاف فوج اور عوامی رضاکاروں کا ملک گیر آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ادلب، حلب اور لاذقیہ کے مضافاتی علاقوں میں تکفیری دہشت گردوں کے آٹھ مراکز تباہ کر دیئے ہیں۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ شام کی فوج اورعوامی رضاکار فورس جیش الشعبی کے جوانوں نے ادلب کے مضافاتی علاقوں، اریحاف، جرجناز، التمانعہ، اور سراقب میں تکفیری دہشت گرد گروہ جیش الفتح کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
رپورٹوں میں شامی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شامی افواج نے اسی طرح حلب کے مضافات میں واقع علاقوں، الطیبہ ، السین اوربرلھین میں دہشت گردوں کے متعدد ٹریننگ کیمپوں اور اسلحے کے گوداموں کو تباہ کردیا ہے۔ المیادین نے بھی رپورٹ دی ہے کہ لاذقیہ کے شمالی مضافات میں واقع علاقے کنسیا میں فوج نے تکفیری دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر زبردست گولہ باری کی ہے۔
شام کی فوج نے اسی طرح دارالحکومت دمشق کے مضافات میں واقع شہر دوما کے نزدیک ریحان نامی علاقے میں ایک کارروائی میں سات تکفیری دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیریہ آن لائن ویب سائٹ نے بھی رپورٹ دی ہے کہ درعا کے مضافات میں واقع علاقے، الصورہ اور حمص کے مضافاتی علاقے کفرزیتا نیز تیر رملہ میں فوج نے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگاکے انہیں تباہ کر دیا ہے۔