شام: حلب اور لاذقیہ کے کئی علاقے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد
شامی فوج نے حلب اور لاذقیہ صوبوں میں کئی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
شامی ذرائع کے مطابق شامی فوج نے لاذقیہ کے شمالی مضافات میں المزیرعہ، العوینات، رویسہ المعلقہ، اور جبل الملقی علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا نے بھی رپورٹ دی ہے کہ شامی فوج نے حلب کے مشرقی مضافات میں بھی ودیعہ قصبے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ اس قصبے کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد شامی فوج نے اس علاقے میں مکمل امن برقرار کر دیا۔
شام کی فضائیہ نے بھی حلب کے شمال مشرق میں اٹھّائیس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع شہر الباب کے شمال میں دہشت گردں کے کئی مراکز اور ان کے ہتھیاروں کے گودام پر بمباری کی ہے۔ شام کی فضائیہ نے حلب کے مشرقی مضافات میں بھی الطیبہ، السین اور برلہین میں بھی داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بناکراس دہشت گرد گروہ کو بھاری نقصان پہنچایا۔
شام کی فضائیہ نے ادلب اور حماہ کے مضافاتی علاقوں میں جیش الفتح دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں پر بھی شدید حملے کئے ۔ ان حملوں میں جیش الفتح کے دہشت گردوں کو خاصا نقصان پہنچا۔