شام، دمشق کے مضافاتی علاقے مضایا میں دہشت گردوں کا حملہ
دہشت گردوں نے دمشق کے مضافاتی علاقے مضایا میں ریڈکراس کمیٹی اور ہلال احمر کی امدادی گاڑیوں پر حملہ کر دیا۔
خبروں کے مطابق دہشت گردوں نے دمشق کے مضافاتی علاقے مضایا میں ریڈکراس کمیٹی اور ہلال احمر کی امدادی گاڑیوں پر اس وقت حملہ کر دیا جب یہ گاڑیاں اس شہر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھیں۔ اس حملے میں مذکورہ امدادی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور وہ مجبور ہو کر وہاں سے واپس لوٹ گئیں۔
ریڈ کراس کمیٹی اور ہلا ل احمر کی یہ گاڑیاں مضایا میں زخمیوں کو ان کے گھر والوں کے ہمراہ باہر نکالنے گئی تھیں۔ دہشت گردوں نے مضایا کے باشندوں کو شہر سے نہ نکلنے دینے کے لئے شہر میں داخل اور خارج ہونے کے راستوں میں بم اور بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں تاکہ امدادی گاڑیاں اور عام شہری شہر کے اندر نہ تو داخل ہو سکیں اور نہ ہی وہاں سے نکل سکیں۔
شام سے ہی موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ روسی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے ملک کے شمال مغربی صوبے لاذقیہ میں دہشت گرد گروہ جبہتہ النصرہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم سولہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات ہیں کہ روسی فضائیہ کے طیارے لاذقیہ میں تکفیری دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بدستور بمباری کر رہے ہیں۔