شام، حلب کے ہوائی اڈے کو آزاد کرا لیا گیا
شام کی فوج نے شہر حلب کے ہوائی اڈے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا۔
لبنان کے المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے بدھ کو شام کے شہر حلب کے شمال کے اسٹریٹیجک علاقوں اور اس صوبے کے منغ نامی ہوائی اڈے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا۔ اس رپورٹ کے مطابق شام کی فوج اور کرد ملیشیا نے دمشق کے مضافات میں غوطہ شرقی کے علاقوں اور مشرقی شام کے علاقے دیرالزور میں اسٹریٹیجک علاقے تلہ الرواد کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا۔
العالم ٹی وی چینل نے بھی شام کے ہیومن رائٹس واچ کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ اس سال فروری کے آغاز سے اب تک پانچ سو سے زائد دہشت گرد شمالی شام میں ہلاک کئے جا چکے ہیں۔
روسی وزارت دفاع نے بھی اعلان کیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے میں روسی طیاروں نے شام کے مختلف علاقوں پر پانچ سو سے زائد بار بمباری کی۔ روس کے جنگی طیاروں نے بدھ کو شام کے صوبے حلب کے شمال میں تل رفعت اور کفرنایا شہروں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ تل رفعت شاہراہ، ترکی کی سرحد پر واقع وہ اہم شاہراہ ہے جس کے ذریعے حلب میں دہشت گردوں کو ہتھیار اور دیگر اشیاء ارسال کی جاتی تھیں۔ حالیہ دنوں میں دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی پے در پے کامیابیوں نے دہشت گردوں کے حوصلے پست کر دیئے ہیں۔