شام کے شہریوں کی ابتر صورت حال اور نقل مکانی کا سلسلہ جاری رہنے پر عرب لیگ کا انتباہ
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے شام کے شہریوں کی ابتر صورت حال اور ان کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری رہنے پر خبردار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو چاہئے کہ وہ ایک قرارداد جاری کرے اور تمام فریقوں کو شام میں فوجی کارروائی بند کرنے اور جنگ بندی کے قیام کا پابند بنائے۔
نبیل العربی نے شام کی ابتر صورت حال اور شہریوں کی دربدری اور نقل مکانی کا سلسلہ جاری رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام کے شہریوں کی حمایت اور شام کے شہروں اور دیہی علاقوں میں، جو دہشت گرد گروہوں کے محاصرے میں ہیں، انسان دوستانہ امداد پہنچانے کے لئے حالات فراہم کئے جائیں۔ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سلامتی کونسل نے ابھی شام کے تعلق سے کسی مناسب قرارداد کی منظوری نہیں دی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس ملک کی صورت حال دن بدن بدتر ہوتی جا رہی ہے اور یہی مسئلہ شام کی حکومت اور مخالفین کے درمیان جنیوا مذاکرات کے عمل میں رکاوٹیں کھڑی ہونے کا سبب بنا ہے۔
نبیل العربی نے امید ظاہر کی ہے کہ میونیخ میں شام سے متعلق بین الاقوامی ڈونر کانفرنس میں شام میں جنگ بندی کے قیام اور محاصرہ شدہ علاقوں میں انسان دوستانہ امداد پہنچانے کی غرض سے ایک قرارداد کی منظوری کے لئے علاقائی اور بین الاقوامی فریقوں کے درمیان سمجھوتہ طے پا جائے گا۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل جمعرات کی صبح کو شام کی حمایت میں بین الاقوامی گروپ کے اجلاسوں میں شرکت کے لئے جرمنی کے شہر میونیخ گئے ہیں۔