افغانستان نے سی آئی اے کے دعوے مسترد کردئے
حکومت افغانستان نے سی آئی اے کے سربراہ کے یہ دعوے مسترد کردئے ہیں کہ افغانستان میں دوہزار سولہ میں بھی بدامنی رہے گی۔
افغاں حکام نے سی آئی اے کے سربراہ جیمز کلپر کے ان دعووں کو مسترد کیا ہے کہ دوہزار سولہ میں بھی افغانستان میں سیاسی لحاظ سے عدم استحکام رہے گا۔ افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر نے کابل میں روس کے سفیر سے ملاقات میں سی آئی اے کے سربراہ کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغاں سیکورٹی فورسز دوہزار سولہ میں بھرپور طرح سے دشمنوں کا مقابلہ کررہی ہیں۔
حنیف اتمر نے کہا کہ دوہزار سولہ افغانستان میں استحکام اور امن و ثبات کا سال ہے۔ ادھر افغانستان کے صدر کے نائب ترجمان سید ظفر ہاشمی نے بھی جیمز کلپر کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ افغانستان کا سیاسی نظام افغاں شہریوں کے ووٹوں سے قائم ہوا ہے اور حکومت افغانستان خطروں کا مقابلہ کرنے کی توانائی رکھتی ہے۔
واضح رہے سی آئی اے کے سربراہ نے حال ہی میں امریکی سینیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں سیاسی اشتراک عمل روبہ زوال ہے اور رواں برس میں افغانستان کے سیاسی نظام کا شیرازہ بکھرنے کا امکان پایا جاتا ہے۔