شام: فوج اور عوامی رضا کاروں کی مزید کامیابیاں
شام کی فوج اور عوامی رضا کاروں نے شمال مغربی حلب میں واقع اہم ترین تھرمل بجلی گھر کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔
عسکری ذرائع کے مطابق شامی فوج اور عوامی رضاکاروں نے داعش کے دہشت گردوں کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد ہفتے کی شام مذکورہ بجلی گھر کو مکمل طور پر آزاد کرالیا ہے۔ یہ بجلی گھر دو سال سے دہشت گردوں کے قبضے میں تھا۔
سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق شامی فوج نے حلب کے چھے نواحی علاقوں اور دیہات کو بھی داعش کے دہشت گردوں سے آزاد کرا لیا ہے۔
ہفتے کے روز بھی شامی فوج نے حلب کے کم سے کم اٹھارہ نواحی علاقوں سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا تھا۔
درایں اثنا شامی فضائیہ نے حلب کے مختلف علاقوں میں داعش اور القاعدہ کے ذیلی گروپ جبہۃ النصرہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ شامی فضائیہ کی بمباری میں کم سے کم پینتیس تکفیری دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
تازہ پیشرفت یہ سامنے آئی ہے کہ شامی فوج نے دو جانب سے داعش کی ایک اہم سپلائی لائن کو کاٹ دیا ہے۔ شامی فوج نے ایک جانب شدادیہ کو داعش کے زیر قبضہ عراقی شہر موصل سے اور دوسری جانب اسے رقہ سے ملانے والی دو اہم اور اسٹریٹیجک شاہراہوں پرقبضہ کرلیا ہے۔
اطلاعات کےمطابق داعش کے دہشت گرد اب حلب سے دیر الزور کی جانب فرار ہو رہے ہیں۔