شام: دو بم دھماکوں میں پچاس افراد جاں بحق اور سو شدید زخمی
Feb ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
شام کے مغربی شہر حمص کے نواحی ٹاون میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں کم سے کم پچاس افراد جاں بحق اور سو شدید زخمی ہوئے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ دھماکے اتوار کی صبح ایک منٹ سے بھی کم کے فاصلے سے حمص کے نواح میں الزہرا ڈسٹرکٹ میں ایک ٹریفک سگنل کے قریب کھڑی گاڑیوں میں ہوئے۔ اسپتال کے ذرائع نے کم سے کم پچاس افراد کے جاں بحق اور سو کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے ۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تا ہم عام طور پر علاقے میں سرگرم تکفیری دہشت گرد گروہ اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ گزشتہ سال دسمبر میں بھی الزہرا ڈسٹرکٹ میں ہونے والے دھماکے میں کم سے کم تیس افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔