داریا شہر میں شامی فوج کی پیش قدمی جاری
شام کی فوج نے دمشق کے مغرب میں واقع داریا شہر میں اپنی پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے اس شہر کے مشرق میں الصغیرہ علاقے کے کئی حصوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے فضائیہ اور توپ خانے کی مدد سے داریا شہر کے جنوب میں دہشت گردوں کے اٹھارہ سے زائد ٹھکانوں کو تباہ اور اس شہر کے جنوب مغربی حصے میں کئی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
شامی فوج کے ایک کمانڈر نے جمعہ کے روز العالم ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شامی فوج نے فضائیہ اور توپ خانے کی مدد سے دہشت گرد گروہوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شامی فوج نے الفصول سمیت بہت سے علاقوں میں دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے اور انھیں بھاری جانی و مالی نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کی سپلائی لائن کاٹ دی ہے۔ شامی فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ کو داریا کے جنوب میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس کے چار سینیئر ارکان ہلاک ہو گئے ہیں اور کئی خفیہ سرنگیں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔