دہشت گردوں کے قبضے والے علاقوں سے سیکڑوں عراقی گھرانے آزاد
عراق میں ایک سو پچاس گھرانوں کو داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق عراق کے شمالی صوبے صلاح الدین کے علاقے سامرا کے مغرب میں سیکورٹی فورس کی ایک کارروائی کے دوران ایک سو پچاس گھرانوں کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے۔ آزاد کرائے جانے کے بعد ان افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے صوبہ صلاح الدین کے ایک سیکورٹی ذریعے نے جزیرہ سامرا کے علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے وسیع کارروائی شروع کئے جانے کی خبر دی تھی۔
ادھر خبر رساں ایجنسی اسنا کی رپورٹ کے مطابق الانبار کے آپریشنل کمانڈر اسماعیل محلاوی نے کہا ہے کہ داعش دہشت گردوں نے الرمادی کے شمال اور شمال اور مشرق میں واقع الحامدیہ اور البوذیاب علاقوں میں فوج کے نزدیک آنے کی کوشش کی جو داعش کے بارہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر منتج ہوئی۔
صوبہ الانبار کے الکرمہ قبائلی کمانڈر نے بھی اعلان کیا ہے کہ علاقے کے قبائل اورعراقی فوج کے تعاون سے الکرمہ کے پورے علاقے کو آزاد کرائے جانے کی کارروائی شروع ہوگئی ہے۔ الکرمہ علاقے کا ستر فی صد حصہ عراقی فوج اور قبائل کے کنٹرول میں ہے۔
اس درمیان عراقی رضا کار فورس نے صوبہ صلاح الدین کے جزیرہ سامرا کے کئی دیہاتوں اور جزیرہ صلاح الدین کے علاقے پر کنٹرول حاصل کرنے کی خبر دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس، اس سے قبل جزیرہ سامرا کے مغربی علاقے سے بارہ سے زیادہ دیہاتوں کو داعش گروہ کے قبضے سے آزاد کراچکی ہے۔