افغانستان: کابل میں تین افراد قتل
-
حملہ آوروں نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو نشانہ بنایا تھا۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نامعلوم مسلح افراد نے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
اناتولی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے پولیس حکام نے کہا ہے کہ ہفتے کے دن نامعلوم مسلح افراد کے ایک گروہ نے دارالحکومت کابل میں حملہ کر کے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ مارے جانے والوں میں ایک افغانستان اور دو ترکی کے شہری تھے۔ افغان پولیس حکام نے مزید بتایا کہ اس حملے میں دو افغان شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ کابل کے ایک مصروف بازار میں کیا گیا۔ حملہ آوروں نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو نشانہ بنایا تھا۔ ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمےداری قبول نہیں کی ہے۔
دریں اثناء طالبان کے ترجمان قاری یوسف نے دعوی کیا ہے کہ صوبہ ہلمند کے مختلف علاقوں میں طالبان کے حملوں میں افغان سیکورٹی فورسز کے کم از کم پانچ اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں۔