مسئلہ فلسطین کی حمایت پر تاکید
اسلامی تعاون تنظیم نے مسئلہ فلسطین کی حمایت پر تاکید کی ہے۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق فلسطین اور قدس کے امور میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کے نائب سمیر بکر نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم مسئلہ فلسطین کی حمایت کے لئے اپنی سفارتی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔
سمیر بکر نے اتوار اور پیر کے دن انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں مسئلہ فلسطین سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
سمیر بکر کا مزید کہنا تھا کہ جکارتہ اجلاس اس واضح پیغام کا حامل ہے کہ فلسطین اور قدس شریف کی حمایت امت اسلامیہ کی اجتماعی اور دائمی ذمے داری ہے اور امت اسلامیہ اپنی یہ ذمے داری ادا کرتی رہے گی۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں اسلامی تعاون تنظیم کا دو روزہ سربراہی اجلاس اتوار اور پیر کے دن منعقد ہو رہا ہے۔ جس میں اسلامی تعاون تنظیم کے چھپن رکن ممالک شریک ہیں جبکہ تھائی لینڈ، بوسنیا ہرزگووینا، روس اور جمہوریہ وسطی افریقہ مبصر کے طور پر شرکت کر رہے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف بھی اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔