Mar ۰۸, ۲۰۱۶ ۰۹:۱۰ Asia/Tehran
  • شام ماضی سے زیادہ طاقتور ہے: شامی وزیر اعظم

شام کے وزیر اعظم وائل الحلقی نے کہا ہے کہ تمام تر سازشوں کے باوجود شام آج ماضی کی نسبت زیادہ طاقتور ہے۔

شام کے ٹی وی چینل الاخباریہ کو انٹرویو دیتے ہوئے وائل الحلقی نے پیر کے دن کہا کہ شام کے خلاف کی جانے والی تمام تر سازشوں کے باوجود شام زیادہ طاقت کے ساتھ اپنے راستے پر آگے بڑھ رہا اور وہ تمام چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے۔ وائل الحلقی نے مزید کہا کہ شام کی فوج اور عوام آج استقامت، عزت اور فخر کی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

شام کے وزیر اعظم نے اپنے ملک میں آٹھ مارچ کے انقلاب کا ذکر کیا اور اسے سراہتے ہوئے ملک کی ترقی اور تعمیر نو کے سلسلے میں اسے ایک اہم موڑ سے تعبیر کیا۔

وائل الحلقی نے شام میں ہونے والے آئندہ پارلیمانی انتخابات کے بارے میں کہا کہ ان انتخابات سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ شام کے عوام آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور وہ استقامت کے راستے پر چلتے رہیں گے۔ وائل الحلقی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو ان انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کرنی چاہئیں۔

ٹیگس