شامی فوج کی پیشقدمی جاری،مزید علاقے آزاد، درجنوں دہشت گرد ہلاک
شامی فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی جانب پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے متعدد علاقوں کو آزاد اور درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
المیادین ٹی وی کے مطابق شامی فوج نے حلب کے نواحی علاقوں، خربیل، عکیل، قلیعہ اور سردہ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔اس دوران شامی فوج کے ساتھ ہونے والی شدید جھڑپوں میں درجنوں دہشت گرد ہلاک اور باقی جان بچا کر دوسرے علاقوں کی جانب فرار ہو گئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق شامی فوج کے ایک دستے نے حمص کے نواحی شہر قریتین میں شدید جھڑپ کے بعد محسہ نامی علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ اس کارروائی میں درجنوں دہشت گرد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
شامی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے تاریخی شہر پالمیرا کے نواحی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔
شامی فوج نے پالمیرا کے نواحی علاقوں پر داعش کے دہشت گردوں کا حملہ بھی پسپا کردیا ہے۔
شامی فوج کی جوابی کارروائی کےنتیجے میں دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی لاشیں اور مورچے چھوڑ کر بھاگ گئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق شامی فوج نے دیرالزور کے جنوبی گاؤں لاشو میں داعشی دہشت گردوں کے ایک اجتماع پر حملہ کر کے کم سے کم چالیس دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
شامی فوج نے خریطہ کے علاقے میں دہشت گردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا جبکہ حلب کے جنوبی علاقے العیس کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل آزاد کرا لیا ہے۔