داعش کے خلاف جنگ کے لئے اردن کا غور طلب اعلان آمادگی
اردن کے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک داعش کے خلاف جنگ کے لئے آمادہ ہے۔
اردن کے شاہ کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف مہم کے سلسلے میں ایسی صورت میں آمادگی کا اعلان کیا گیا ہے کہ بحران شام کے آغاز کے موقع پر اردن، دہشت گردوں کی تربیت اور انھیں شام روانہ کئے جانے کے ایک اہم مرکز میں تبدیل ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے امان میں امریکی نائب صدر جو بائیڈن کے ساتھ گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک، دہشت گردی کے خلاف مہم کے دائرے میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ کے لئے آمادہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ داعش دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے لئے حکومت عراق کی حمایت کئے جانے کی ضرورت ہے اور اردن، داعش کے خلاف جنگ میں حکومت عراق کی حمایت کرنے کے لئے آمادہ ہے۔
اردن کے شاہ نے عراق میں مختلف فرقوں اور گروہوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عراق میں مختلف جماعتوں اور گروہوں کے متحد ہو جانے سے داعش کا قلع قمع کئے جانے کی کافی راہ ہموار ہو جائے گی۔