شام کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے درخواست
شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے درخواست کی ہے کہ وہ دہشت گردی کی حامی حکومتوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام دو الگ الگ خطوط میں شام میں جنگی کارروائیوں کو روکنے سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد پر دمشق کے پابند رہنے اور اس کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو دہشت گرد گروہوں کی حامی حکومتوں کے خلاف ضروری تادیبی کارروائی کرنی چاہیے۔
شام کی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف فریقوں کے پٹھو اور زرخرید مسلح دہشت گرد گروہ شام کے مختلف صوبوں میں رہائشی علاقوں پر گولہ باری کر کے شام میں جنگ بندی سے متعلق اقدامات کو کہ جن کی اقوام متحدہ نے منظوری دی ہے، ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شام کی وزارت خارجہ نے شام کے علاقوں الفوعہ، کفریا اور شیخ مقصود پر تکفیری دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے حالیہ وحشیانہ حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے دیر الزور ہوائی اڈے پر مسٹرڈ گیس سے کیمیاوی حملہ کیا ہے جس کا بہت سے افراد شکار ہوئے ہیں۔