کچھ عرب اور مغربی ممالک بحران شام کے سیاسی حل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں: وائل الحلقی
Apr ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۰:۵۱ Asia/Tehran
شام کے وزیراعظم نے کئی عرب اور مغربی ممالک پر بحران شام کے سیاسی حل کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیراعظم وائل الحلقی نے جمعرات کے روز کہا کہ فرانس، برطانیہ، سعودی عرب، قطر اور ترکی بحران شام کے سیاسی حل کے عمل کی حمایت نہیں کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ممالک جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے بھی جمعرات کے روز یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ترکی سمیت کئی ممالک دہشت گردوں کو جدید ہتھیاروں سے لیس کر رہے ہیں، کہا کہ شام کی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ تیز کر دے گی۔
واضح رہے کہ شام میں روس اور امریکہ کے تعاون سے ستائیس فروری سے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع ہوا ہے لیکن دہشت گرد بدستور اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔