افغانستان، سلامتی کونسل میں پاکستان کے خلاف شکایت دائر کرے گا
حکومت افغانستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے خلاف شکایت دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
افغان صدر کے ڈپٹی ترجمان دواخان مینہ پال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے معاملات کے حل کے لیے عالمی اداروں سے رجوع کرنے پر مجبورہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان افغانستان کے بارے میں اپنے وعدوں کی پاسداری کے بجائے مسلسل طالبان کی حمایت کر رہا ہے۔
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے دس روز قبل کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعے کے بعد کہا تھا کہ طالبان کے بارے میں قومی پالیسی تبدیل ہوگئی ہے اور طالبان کے ساتھ مذاکرات اب ہماری حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست نہیں رہے۔
قابل ذکرہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گزشتہ ہفتے منگل کے روز ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں چونسٹھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ دہشت گردی کے دیگر واقعات کی طرح اس واقعے کی ذمہ داری بھی طالبان نے قبول کی تھی۔