عرب لیگ نے حلب میں دہشت گردوں کےحملے کی مذمت کی
عرب لیگ نے شام کے شمالی شہر حلب میں دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ وہ شام میں جنگ بندی کو پائیدار بنائے-
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں جو شام کے شہر حلب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہوا تھا کہا کہ عرب لیگ سلامتی کونسل سے درخواست کرتی ہے کہ وہ شام میں جنگ بندی کو پائیدار اور سبھی متحارب گروہوں کو اس پر عمل کرنے کا پابند بنائے-
انہوں نے حلب کے رہائشی علاقوں خاص طور پر اسپتال اور مسجد پر دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حملے فوری طور پر بندہونے چاہئیں -
اس سے پہلے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے اجلاس میں متفقہ طور پر حلب کے اسپتال اور امدادی کارکنوں پر دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کی - سلامتی کونسل نے حلب کے الضبیط اسپتال اور رہائشی علاقوں نیزامدادی کارکنوں پر دہشت گردگروہوں کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی -
یادرہے کہ منگل کو حلب کے الضبیط اسپتال پر جو حکومت کے زیرکنٹرول علاقے میں واقع ہے شامی حکومت کے مخالف دہشت گردوں نے حملہ کرکے درجنوں عام شہریوں کوخاک و خون میں غلطاں کردیا تھا- اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں پر جان بوجھ کر اور براہ راست حملہ کرنا جنگی جرم ہے اور بیماروں کو علاج و معالجے کی سہولتوں سے محروم کرنا انسان دوستانہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے -
واضح رہے کہ شام کی حکومت نے حلب کے الضبیط اسپتال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس قسم کے جرائم کا ذمہ دار امریکا اور اس کے اتحادیوں کو قراردیا ہے-