خان طومان میں دہشت گردوں پر حملہ
شام میں حلب کے علاقے خان طومان میں عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے دہشت گردوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔
شام سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ پیر کو نجبا نامی اسلامی مزاحمتی تحریک کے جوانوں نے خان طومان میں تکفیری دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے تکفیری دہشت گرد گروہ جبہت النصرہ کے درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔
شام کی عوامی اسلامی مزاحمتی تحریک نجبا کے جوانوں کے اس حملے میں بہت سے دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ ذرائع ابلاغ نے اسی کے ساتھ خان طومان کو تکفیری دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لئے شام کی فوج اورعوامی رضاکار دستوں کی مکمل آمادگی کی خبر بھی دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ خان طومان حلب کے جنوب میں واقع ہے ۔ یہ علاقہ چند ماہ قبل آزاد کرا لیا گیا تھا لیکن چند روز قبل تکفیری دہشت گردوں نے اس جنگ بندی سے فائدہ اٹھا کر جس پرامریکا اور روس دونوں نے اتفاق کیا تھا، اس علاقے پر دوبارہ قبضہ کرلیا۔
قابل ذکر ہے کہ شام میں امریکا اور روس کی موافقت سے نافذ کی جانے والی جنگ بندی سے فائدہ اٹھاکر تکفیری دہشت گرد گروہوں کے علاقائی حامیوں بالخصوص ترکی اور سعودی حکومت نے بھی شام میں دہشت گرد روانہ کئے اور دہشت گردوں کے لئے انواع اور اقسام کے اسلحے بھی سپلائی کئے ہیں ۔