شام میں فوعہ اور کفریا پر دہشت گردانہ حملے
-
فوعہ اور کفریا کے عوام کا کہنا ہے کہ وہ آخری دم تک اپنے علاقوں کا دفاع کرتے رہیں گے۔
شام میں مسلح دہشت گردوں نے شہر ادلب کے شمالی مضافات میں محصور علاقوں فوعہ اور کفریا پر وحشیانہ حملے کئے ہیں۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق شام کے ان علاقوں پر دہشت گردوں نے اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ عالمی تنظیمیں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور وہ ان علاقوں میں عام شہریوں کے ہونے والے قتل عام کا صرف نظارہ کر رہی ہیں۔ فوعہ اور کفریا کے قریب واقع علاقوں بنش اور الصواغیہ میں تعینات دہشت گردوں نے فوعہ پر تازہ حملوں میں میزائل اور مارٹر گولے استعمال کئے جس کے نتیجے میں عام شہریوں کو خاصا جانی و مالی نقصان پہنچا۔
العالم نیوز چینل کے رپورٹر نے بتایا ہے کہ فوعہ اور کفریا کے عوام کا کہنا ہے کہ وہ آخری دم تک اپنے علاقوں کا دفاع کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ ان علاقوں کے عوام کی جانب سے دہشت گردوں کے مقابلے میں استقامت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔