ایران کے ساتھ تعلقات کی تقویت پر ترکی کے نئے وزیر اعظم کی تاکید
ترکی کے نئے وزیر اعظم نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے تعلقات مستحکم کرنے پر زور دیا ہے-
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے نئے وزیر اعظم بن علی ییلدریم Binali Yıldırım نے منگل کو اس ملک کی پارلمینٹ میں کہا کہ ترکی، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کی کوشش کرے گا- ییلدریم نے کہا کہ وہ تجارت، سیاحت، توانائی اور حمل و نقل کے شعبوں میں ایران کے ساتھ ترکی کے تعلقات میں توسیع کا جائزہ لے رہے ہیں-
اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکی دو اسلامی اور پڑوسی ملک کی حیثیت سے معاشی شعبے میں بہت اچھا تعاون کر رہے ہیں اور دونوں ملکوں کی کوشش ہے کہ عوامی اشترکات کے پیش نظر اس تعاون کو ماضی سے زیادہ سے فروغ دیں- ترکی کے نئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ مذاکرات کے ذریعے، روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنائیں-
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے منگل کو اس ملک کی نئی کابینہ کی تائید کردی اور "مولود چاووش اوغلو" وزیر خارجہ، "افکان آلاگ" وزیر داخلہ اور "برات آلبایراق" توانائی اور قدرتی ذخائر کے وزیر کی حیثیت سے اپنے عہدوں پر باقی رہیں گے-