May ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
  • افغانستان کے سفیر کی پاکستان کے مشیر خارجہ سے ملاقات

افغانستان کے سفیر نے پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

امریکی ڈرون حملے میں طالبان کے سرغنہ ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور افغانستان کے عہدیداروں کے درمیان یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق افغانستان کے سفیر عمر ذخیل وال کو سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کے لیے دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا تھا ۔ ملاقات میں امریکی ڈرون حملے میں طالبان کے سرغنہ ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مفاہمتی عمل کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر کیے جانے والے ڈرون حملے پر تحفظات کا اظہار کیا ۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینا چاہیے۔

افغانستان کے سفیر عمر ذخیل وال نے اسلام آباد میں ارنا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے مشیر خارجہ کے ساتھ اپنی ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے ملاقات کی تفصیلات بیان کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ سرتاج عزیز کے ساتھ ان کی ملاقات مثبت رہی ۔

قابل ذکر ہے کہ طالبان کا سرغنہ ملا اختر منصور ، گزشتہ ہفتے ، پاکستان کے صوبے بلوچستان کے شہر نوشکی میں ہونے والے ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا تھا۔

ٹیگس