کربلائے معلی میں دھماکہ
عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں ایک دہشت گردانہ کار بم دھماکے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں
کربلائے معلی میں مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس دہشت گردانہ کار بم دھماکے میں کم سے کم پانچ افراد جاں بحق اور گیارہ دیگر زخمی ہوئے ہیں - خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکہ کربلا شہر کے مرکز میں واقع جسرالحسین کے قریب ہوا -
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ جس مقام پر ہوا ہے وہ حضرت امام حسین اور حضرت عباس علیھماالسلام کے حرم مطہر سے پانچ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے- ابھی تک کسی شخص یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم عراقی حکام کا کہنا ہے اس طرح کے دہشت گردانہ اقدامات تکفیری دہشت گردگروہ داعش انجام دیتا ہے-
عراق میں اقوام متحدہ کے مشن کا کہنا ہے کہ گذشتہ مئی کے مہینے میں دہشت گردانہ بم دھماکوں میں آ ٹھ سو سڑسٹھ عراقی جاں بحق اور ایک ہزار چار سو انسٹھ زخمی ہوئے ہیں -
پچھلے چند مہینے میں عراقی افواج اورعوامی رضاکار فورس کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد دہشت گردوں نے شہری علاقوں میں اپنی دہشت گردانہ کارروائیاں تیز کردی ہیں -