پاکستانی طالبان کی افغانستان میں موجودگی کے دعوے کی تردید
افغانستان کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے اپنے ملک میں پاکستانی طالبان کی موجودگی کی تردید کی ہے۔
افغانستان کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نواب غورزنگ نے کہا ہے کہ پاکستان کے اس دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ پاکستانی طالبان عناصر اور ان کا سرغنہ ملا فضل اللہ افغانستان میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چار فریقی اجلاس کے فیصلوں کے مطابق اپنی سرزمین پر افغان طالبان کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنی چاہیے۔
افغانستان کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کا کہنا تھا کہ طالبان، حقانی گروپ، القاعدہ ، لشکر طییبہ اور پاکستان میں موجود دیگر اتنہا پسند گروہ افغانستان اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں امریکی وفد سے ملاقات میں کہا تھا کہ واشنگٹن کو افغانستان میں قائم پاکستانی طالبان کے ٹھکانوں کو ختم کرنا چاہیے۔