Jun ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۵ Asia/Tehran
  • عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی حمایت پر تاکید

عراق کے صدر فواد معصوم نے دہشت گردی کے مقابلے میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی سرگرمیوں کی حمایت پر تاکید کی ہے۔

فواد معصوم نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے عراق کے مقبوضہ علاقوں کی آزادی کے سلسلے میں عوامی رضاکار فورس کے مثبت کردار کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ الحشدالشعبی عراق کی مسلح افواج کی کمان سے وابستہ مختلف مسلح گروہوں پر مشتمل ہے اور دہشت گردی کے مقابلے میں اسے جنگی مشن سونپا گیا ہے۔

عراق کے صدر نے دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے کے لئے عوامی رضاکار فورس کی تشکیل سے متعلق عراق کے مرجع تقلید آیت اللہ سیستانی کے فتوے کے بارے میں کہا کہ جب کربلا اور نجف میں داعش کے داخلے کا خطرہ پایا جاتا تھا اس وقت عراق کے مختلف گروہوں نے آیت اللہ سیستانی کے فتوے پرعمل کرتے ہوئے اپنے ملک کے دفاع کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا۔

فواد معصوم نے عراق میں داعش کے خاتمے کے بعد عوامی رضاکار فورس کی سرگرمیوں کے بارے میں کہا کہ ان گروہوں کو بہت زیادہ مشکلات کی شکار فوج کی حمایت کے لئے تشکیل دیا گیا اور مستقبل میں ان میں سے بہت سے جوانوں کو فوج اور پولیس میں شامل کر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عراق کے مرجع تقلید آیت اللہ سیستانی نے جون سنہ دو ہزار چودہ میں اس ملک کے شہریوں سے کہا تھاکہ وہ وطن کے دفاع کے لئے ہتھیار اٹھا لیں۔ اس کے بعد عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کو تشکیل دیا گیا جس نے دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے عراق کے مختلف علاقوں کو آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

 

ٹیگس