Jun ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
  • عالمی برادری سے فلسطینی وزیراعظم کی اپیل

فلسطین کے وزیراعظم نے ایک بار پھر عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کو فلسطینی بچوں کے حقوق کی پامالی سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق وزیراعظم رامی حمد اللہ نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل مسلسل فلسطینی عوام کے خلاف مجرمانہ اقدامات انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے پندرہ سالہ فلسطینی بچوں کی شہادت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوجی اور آباد کار آئے دن فلسطینی بچوں کو قتل اوران کے خلاف تشدد سے کام لے رہے ہیں پھربھی انہیں مکمل عدالتی تحفظ حاصل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی فوجیوں نے منگل کے روز مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کے قریب فلسطینی بچوں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک بچہ شہید اور چھے دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

بچوں کے حقوق کا دفاع کرنے والی عالمی انجمن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق اسرائیلی فوجی سالانہ پانچ سو سے سات سو کے قریب فلسطینی بچوں کو پکڑ کر لے جاتے ہیں۔

اکتوبر دوہزار پندرہ سے فلسطینی علاقوں میں جاری تحریک انتفاضہ قدس کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے حملے میں تقریبا دو سو بیس فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں پچاس سے زیادہ بچے اور نوجوان شامل ہیں۔

ٹیگس