Jun ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پر بنگلہ دیشی وزیراعظم کی تاکید

بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ پر زوردیا ہے-

بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے جمعرات کو پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران کہا کہ وہ ملک میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کو کسی بھی قیمت پربرداشت نہیں کریں گی - انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خلاف بھرپور جنگ کا تہیہ کئے ہوئے ہے -

بنگلہ دیش کی وزیراعظم نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب بنگلہ دیش کی پولیس اور سیکیورٹی فورس نے پچھلے دوہفتے کے دوران وسیع کارروائیاں انجام دے کر ملک کے مختلف علاقوں سے گیارہ ہزار افراد کو انتہا پسندانہ اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتارکیا ہے -

بنگلہ دیش میں پچھلے تین برسوں کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے پچاس سے زائد وبلاگ نویسوں، کالم نگاروں اور طلبا کو قتل کیا ہے- اگرچہ القاعدہ اور داعش جیسے دہشت گردگروہوں نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے لیکن حکومت بنگلہ دیش نے اپنے ملک میں ان گروہوں کی موجودگی کو مسترد کرتے ہوئے ان حملوں کا ذمہ دار انتہا پسند گروہوں اور اپنے سیاسی مخالفین کو قراردیا ہے -

دوسری جانب ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بی این پی نے کہا ہے کہ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران اس کے دوہزار کارکنوں کوگرفتار کیا ہے -

ٹیگس